بنگلورو،25؍فروری(ایس او نیوز) سینئر کانگریس لیڈر اور رکن کونسل وی ایس اگرپا نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان کو رقم ادا کرنے کے متعلق محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے ڈائری ضبط کئے جانے کا الزام بے بنیاد ہے ، اور میڈیا میں ڈائری کے نام سے جو مواد گشت کررہا ہے وہ فرضی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے بی جے پی اعلیٰ کمان کو خوش کرنے کیلئے یہ فرضی ڈائری خود تیار کروائی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی جس طرح کی حرکتوں پر اتر آئی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اخلاقی طور پر دیوالیہ ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ یڈیورپا نے چیک کے ذریعہ رشوت لے کر رشوت خوری کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیاتھا، اب وہ اگر اخلاقیات اور دیانتداری کی باتیں کریں تو لگتا ہے کہ شیطان بھگوت گیتا پڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کا یہ بھی ایک بہت بڑا کارنامہ رہا ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ پہلی بار وہ جیل گئے۔ ملک میں کسی بھی وزیر اعلیٰ کو یہ امتیاز حاصل نہیں ہوا ۔ اب دوبارہ بی جے پی آنے والے انتخابات میں یڈیورپا کو عہدۂ وزیر اعلیٰ کا دعویدار بنارہی ہے تو یہ بی جے پی کی بے شرمی کہی جائے یا اس کی جرأت اس کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی مقبولیت کو برداشت کرنے میں ناکام بی جے پی ریاستی عوام کو گمراہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ اس پروپگنڈہ کا آنے والے دنوں میں ریاستی عوام ہی منہ توڑ جوا ب دیں گے۔